سوڈان میں ڈرون حملے، 5 بجلی گھر نشانہ بن گئے، مشرقی اور وسطی علاقوں میں بڑے پیمانے پر بجلی بند

خرطوم (جانو ڈاٹ پی کے)سوڈان میں نیم فوجی گروپ ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے ڈرون حملوں میں پانچ بجلی گھر نشانہ بنائے گئے، جس کے نتیجے میں ملک کے مشرقی اور وسطی علاقوں کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

سوڈانی حکام کے مطابق پیر کی صبح ہونے والے حملوں میں ریاست الجزیرہ اور القضارف کے دو، دو جبکہ وائٹ نائل ریاست کے ایک بجلی گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ بجلی کی بندش سے گھریلو صارفین کے علاوہ آب پاشی کے نظام، کاروباری سرگرمیوں اور بنیادی عوامی خدمات کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

متاثرہ علاقوں کے شہریوں کے مطابق صبح سویرے سے بجلی بند ہے، جس سے روزمرہ زندگی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔ ایک شہری نے بتایا کہ اس کا ذیابیطس کا شکار بیٹا انسولین استعمال کرتا ہے، جسے محفوظ رکھنے کے لیے فریج ضروری ہے، تاہم بجلی کی غیر یقینی صورتحال کے باعث دوا خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

بجلی کی بندش نے دکانداروں کی مشکلات بھی بڑھا دی ہیں، جنہیں فریزر میں رکھی خوراک اور دیگر اشیا خراب ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔

یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان اپریل 2023 سے جنگ جاری ہے۔ حالیہ عرصے میں ڈرون حملے اس تنازع میں اہم فوجی ہتھیار بن چکے ہیں۔

اقوام متحدہ اس سے قبل بھی خبردار کر چکا ہے کہ بجلی گھروں اور دیگر بنیادی تنصیبات کو نشانہ بنانے سے سوڈان میں پہلے سے جاری انسانی بحران مزید سنگین ہوسکتا ہے، جبکہ صحت، پانی اور دیگر ضروری خدمات تک رسائی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button