اسرائیل کا انتخابات سے پہلے ایران پر حملے کا ارادہ نہیں، وزیر دفاع کا اعلان

تل ابیب (جانو ڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیل کا انتخابات سے قبل ایران پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم ایران کی جانب سے کسی حملے کی صورت میں بھرپور فوجی طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

اسرائیل کاٹز نے ایران کے معاملے پر سیاسی قیادت اور فوج کے درمیان اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت اور فوجی قیادت کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے رپورٹ کیا تھا کہ وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر کے درمیان ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فوجی قیادت نے کسی کارروائی کے حکم پر عمل درآمد سے پہلے مزید مشاورت اور قانونی وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو دعویٰ کر چکے ہیں کہ انہوں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد اور فوج کو ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ اسرائیلی قیادت کے حالیہ بیانات اور میڈیا رپورٹس کے تناظر میں ایران سے متعلق ممکنہ فوجی کارروائی کا معاملہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button