عمران خان کی تینوں بہنوں کی نظر بندی میں مزید توسیع، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی بہنوں علیمہ خانم، عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کی نظر بندی میں مزید توسیع کردی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں تینوں بہنوں کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو نظر بندی میں توسیع سے آگاہ کیا۔

جسٹس عبہر گل خان نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ تینوں خواتین کی 30 روزہ نظر بندی میں 7 اکتوبر کو مزید توسیع کی گئی تھی۔

سماعت کے موقع پر عظمیٰ خانم کے شوہر احد خان اور علیمہ خانم کے بیٹے عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے وکیل رانا مدثر عمر نے دلائل دیے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ علیمہ خانم، عظمیٰ خانم اور نورین نیازی کو بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔ وکیل نے سماعت کے دوران 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کا حوالہ بھی دیا۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ وہ درخواست میں کیے گئے استدعا کے دائرے سے باہر جاکر کوئی حکم جاری نہیں کرسکتی۔

بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے ہوم سیکرٹری کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔

مزید خبریں

Back to top button