سعودی عرب اور یونان کا بحری راستوں کے تحفظ اور توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ریاض (جانوڈاٹ پی کے) سعودی عرب اور یونان نے بین الاقوامی بحری راستوں کے تحفظ، توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکس کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی و عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بین الاقوامی بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے اور توانائی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں اور عالمی منڈیوں پر ان کے ممکنہ اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ یونان نے عالمی تیل منڈی کو مستحکم رکھنے اور متبادل برآمدی راستوں کے ذریعے تیل کی ترسیل جاری رکھنے کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کو سراہا۔ اس ضمن میں ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے تیل کی فراہمی برقرار رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔
دونوں ممالک نے دفاع، سلامتی، انسدادِ دہشت گردی، سائبر سکیورٹی اور معلومات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس کے علاوہ سعودی عرب اور یونان نے مصنوعی ذہانت، خلائی ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم، سیاحت اور ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق توانائی کی عالمی منڈیوں میں استحکام اور اہم بحری راستوں کے تحفظ سے متعلق تعاون دونوں ممالک کے اقتصادی اور تزویراتی تعلقات کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔



