فرانس میں مہنگائی اور ایندھن کی قیمتوں کے خلاف احتجاج تیز، 5 نومبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان

پیرس (ویب ڈیسک) فرانس میں مہنگائی، ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور سرکاری خدمات کے ناقص معیار کے خلاف احتجاج میں شدت آنے لگی ہے، مزدور یونینز اور احتجاجی تنظیموں نے آئندہ ہفتے مزید مظاہروں کے ساتھ 5 نومبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
مزدور یونینز کے مطابق تنخواہوں میں اضافے، مہنگائی پر قابو پانے اور عوامی خدمات کی بہتری سے متعلق عوامی بے چینی اب طلبہ تحریک تک محدود نہیں رہی بلکہ معاشرے کے مختلف طبقات تک پھیل چکی ہے۔
حکومت نے صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے مزدور یونینز اور طلبہ نمائندوں کے ساتھ مذاکرات شروع کر دیے ہیں، تاہم احتجاجی رہنماؤں نے حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبات کی منظوری پر زور دیا ہے۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی حکومت کو مالی وسائل کی محدود دستیابی اور پارلیمان میں اکثریت نہ ہونے کے باعث مظاہرین کے مطالبات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب پولیس یونینز نے بھی خبردار کیا ہے کہ اہلکاروں کی بڑی تعداد میں مسلسل تعیناتی طویل عرصے تک برقرار رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
ادھر فرانس میں جاری احتجاج کے اثرات دوسرے یورپی ممالک تک بھی پہنچنے لگے ہیں۔ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جبکہ اٹلی کے متعدد شہروں میں بھی مسلسل دوسرے ہفتے احتجاج اور تصادم کے واقعات رپورٹ کیے گئے۔
فرانس میں مجوزہ ملک گیر ہڑتال اور آئندہ مظاہروں کے باعث عوامی خدمات اور معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ حکومت اور احتجاجی تنظیموں کے درمیان مذاکرات کی پیش رفت پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔



