نارووال سپورٹس سٹی کی بحالی خواب کی تعبیر ہے، جیل کی تنہائیوں کا غم بھول گیا ہوں، احسن اقبال

نارووال (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نارووال سپورٹس سٹی کی بحالی اور اجڑے ہوئے کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ آباد دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے، اس منصوبے کی تعمیر کے جرم میں انہیں جیل میں ڈالا گیا اور ڈھائی ماہ قید بھگتنا پڑی، تاہم اب اس کی کامیابی دیکھ کر ماضی کی تلخ یادیں بھول گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے نارووال سپورٹس سٹی کا دورہ کیا اور پاکستان و چین کی ہاکی ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی ہاکی ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ ان کے خواب کی تعبیر ہے، جبکہ سپورٹس سٹی کی بحالی پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

احسن اقبال نے کہا کہ سپورٹس سٹی کا انفراسٹرکچر اب بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد کے قابل ہو چکا ہے۔ نیشنل سپورٹس سٹی پورے پاکستان کے نوجوانوں کی تربیت گاہ بنے گا، جہاں سے ارشد ندیم جیسے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ 12 سے 14 مختلف کھیلوں کے لیے قومی سطح کے بہترین کوچز سال بھر دستیاب ہوں گے، جبکہ یونیورسٹی آف نارووال کے زیر اہتمام تربیتی کیمپ بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو جدید سہولتوں کے ساتھ کھیلوں کی تربیت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا ضروری ہے۔ ان کے بقول، کھیلوں کے میدان آباد رہیں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے۔

احسن اقبال نے سپورٹس سٹی کی سابقہ حالت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہاں کے میدانوں میں چار چار فٹ تک سرکنڈے اگ آئے تھے، لیکن اب اس منصوبے کو دوبارہ فعال کرکے کھیلوں کے فروغ کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل سپورٹس سٹی پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے، نوجوانوں کو معیاری تربیت فراہم کرنے اور بین الاقوامی مقابلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button