گلگت بلتستان کے عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، وزیراعلیٰ

گلگت بلتستان میں بہترین طرز حکمرانی کی مثال قائم کریں گے، وزیراعلیٰ امجد حسین

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پیپلز پارٹی عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے خطے میں بہترین طرز حکمرانی کی مثال قائم کرے گی۔

شہر قائد میں پیپلز سیکریٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امجد حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کرتے ہوئے مینڈیٹ دیا ہے، جس کے بعد حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے افراد طویل عرصے سے آباد ہیں، جنہیں طلبہ کے میڈیکل اور ہاسٹل سمیت قبرستان اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے گلگت بلتستان کو حقوق دلانے میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ ان کے بقول آصف علی زرداری کی کاوشوں سے خطے میں گورنر اور وزیراعلیٰ کے عہدے قائم ہوئے۔

امجد حسین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور عوام آج بھی اس پر اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے مخالفین کو چیلنج کیا کہ وہ گلگت بلتستان حکومت کی خامیاں سامنے لائیں۔

انہوں نے گلگت بلتستان کوآرڈینیشن کمیٹی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایک بار پھر عوامی مسائل کے حل کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button