لوئس ہیملٹن کافلسطین کے حق میں ایک بارپھردوٹوک مؤقف،کانگو،سوڈان،شام اور فلسطین میں امن کی اپیل

امریکی گراں پری سے قبل گفتگو کرتے ہوئے 41 سالہ ہیملٹن نے کہا کہ کانگو، سوڈان، شام اور فلسطین کی آزادی کے لیے آواز بلند کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن دنیا کے مختلف خطوں میں جاری تنازعات ختم ہوں گے اور پائیدار امن قائم ہوگا۔
لوئس ہیملٹن اس سے قبل بھی غزہ میں انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ ستمبر 2025 میں انہوں نے فلسطینی عوام کی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے لوگوں پر زور دیا تھا کہ وہ خاموش نہ رہیں اور متاثرین کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے فلسطینی ہلال احمر، ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز اور سیو دی چلڈرن برطانیہ سمیت امدادی سرگرمیوں میں مصروف تنظیموں کو عطیات دینے کی بھی ترغیب دی تھی۔مئی 2024 میں بھی ہیملٹن نے غزہ پر اسرائیلی حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی بچوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا تھا۔فارمولا ون کے معروف ڈرائیور کا مؤقف ہے کہ وہ کھیلوں کے میدان میں اپنی عالمی شہرت کو انسانی حقوق اور اہم عالمی مسائل کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لیے استعمال کرتے رہیں گے۔



