خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے160ارب روپے دینے کااعلان،قبائلی عمائدین سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے اہم فیصلے

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قبائلی اضلاع کے نمائندوں پر مشتمل ترقیاتی کونسل اور قبائلی عمائدین کے اجلاس میں شرکت کی، جہاں خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتِ حال، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران قبائلی عمائدین نے خیبرپختونخوا کی صورتِ حال پر خصوصی توجہ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام گزشتہ 13 سال سے مسائل کا سامنا کر رہے تھے، جبکہ ان کے بقول حالیہ اقدامات کے بعد لوگوں نے سکھ کا سانس لیا اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قبائلی عمائدین کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر خیبرپختونخوا میں حالات بہتر ہوتے تو شاید ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت پیش نہ آتی، تاہم صوبے میں دہشت گردی اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ ترقیاتی کاموں کیلئے 160 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ گورنر اور چیف سیکرٹری کو اسلام آباد بلا کر صوبے کی ضروریات کے حوالے سے ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ وزیراعظم کے مطابق صوبے کو ضرورت کے مطابق گندم فراہم کرنے اور پولیس کی تربیت، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا اور وفاقی و صوبائی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتِ حال کے ساتھ بدعنوانی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، جس کے باعث عوام تک پہنچنے والے وسائل متاثر ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا میں پینے کے پانی کے منصوبوں سے متعلق 100 ارب روپے کا اسکینڈل سامنے آیا، جبکہ کوہستان اسکینڈل میں 37 ارب روپے کی کرپشن کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور ہر ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔



