گورنر راج اور ایمرجنسی کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پشاور پہنچ گئے، اہم اجلاسوں میں شرکت کریں گے

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف صوبے کی صورتحال کا جائزہ لینے اور اپیکس کمیٹی سمیت دیگر اہم اجلاسوں میں شرکت کے لیے پشاور پہنچ گئے۔

گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم کا پشاور کا یہ پہلا دورہ ہے، جسے صوبے کی امن و امان کی صورتحال اور انتظامی معاملات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع اور سکیورٹی اقدامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔

وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، نئے مقرر کردہ اہداف اور ان پر عمل درآمد سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے گا۔ دورے کے دوران اپیکس کمیٹی سمیت دیگر اہم اجلاسوں میں صوبے کے سکیورٹی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ پشاور اس سے قبل دو مرتبہ ملتوی ہو چکا تھا۔ اب گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ان کی پشاور آمد ہوئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button