لاہور میں ٹریفک قوانین کی 21 خلاف ورزیوں پر چالان نہیں، مقدمات درج ہوں گے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر اب صرف چالان کرنے کے بجائے مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والی 21 قسم کی خلاف ورزیوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ پولیس فلیشر لائٹس کے استعمال اور غیر قانونی طور پر نیلی بتی یا گرین نمبر پلیٹس لگانے والوں کے خلاف چالان کے بجائے مقدمات درج ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ون وے کی خلاف ورزی، نمبر پلیٹ پر چھپائی کرنے، اس میں ردوبدل یا گاڑی کی شناخت چھپانے پر بھی ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ اسی طرح سڑک بلاک کرنے، ریش ڈرائیونگ اور غفلت کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی مقدمات قائم ہوں گے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق تیز رفتاری، خطرناک انداز میں زگ زیگ ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کرنے والوں کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ہلڑ بازی اور انتہائی غفلت و لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ ایسی سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور سڑکوں پر محفوظ ٹریفک نظام کو یقینی بنانا ہے۔



