آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش ناکام، 3 مسافر آف لوڈ

ملتان (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن ملتان نے آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی مبینہ غیر قانونی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین مسافروں کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق تینوں مسافر فلائی دبئی کی پرواز نمبر ایف زیڈ 326 کے ذریعے کراچی سے آذربائیجان روانہ ہو رہے تھے۔ امیگریشن کے دوران ان کے سفری پروفائل مشکوک معلوم ہونے پر انہیں روک لیا گیا۔ آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں میں حافظ آصف، طارق بشیر اور محمد الیاس شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کے موبائل فونز میں موجود پیغامات کی جانچ پڑتال کے دوران یورپ جانے کے مبینہ غیر قانونی منصوبے کا انکشاف ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مسافروں نے آذربائیجان پہنچنے کے بعد وہاں سے سربیا اور دیگر یورپی ممالک میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کا ارادہ کیا تھا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافروں نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے ویزوں اور ٹکٹوں کے حصول کے لیے وہاڑی کے ٹریول ایجنٹس کو 6 لاکھ روپے ادا کیے تھے، جبکہ باقی رقم منزل پر پہنچنے کے بعد ادا کی جانی تھی۔
حکام نے تینوں مسافروں کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا ہے۔



