قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے ہوگا، 16 نکاتی ایجنڈا جاری

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 4 بجے طلب کر لیا گیا ہے، جس کے لیے 16 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں مختلف ترمیمی بلز پیش کرنے، قانون سازی اور صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بحث کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2026 اور اوگرا ترمیمی آرڈیننس 2026 قومی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لائف انشورنس نیشنلائزیشن ترمیمی بل 2026 اور پاکستان اسٹڈی سینٹرز ترمیمی بل 2026 منظوری کے لیے پیش ہوں گے۔

ایجنڈے کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2026 سے متعلق قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں نیشنل فنڈ فار کلچرل ہیریٹیج ترمیمی بل 2026 اور نیٹنگ آف فنانشل ارینجمنٹس بل 2026 کو مشترکہ اجلاس میں بھیجنے کے لیے تحریکیں پیش کی جائیں گی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرز ای-12 اور سی-16 میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے معاوضہ ادا کیے بغیر مسماری کی کارروائیوں پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے۔

اس کے علاوہ ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی بلند قیمتوں کے معاملے پر بھی توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، جبکہ صدرِ مملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر بحث ہوگی۔

اجلاس میں مختلف قانونی اور انتظامی معاملات پر کارروائی کے ساتھ قانون سازی سے متعلق اہم امور بھی زیرِ غور آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button