زہریلے کیمیکل کاٹینک دھماکے سے پھٹ گیا،900سے زائد افراد کاانخلا،پولیس اہلکار زخمی

ٹولیڈو (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ٹولیڈو میں زہریلے کیمیکل سے بھرے ٹینک میں دھماکے کے بعد ہنگامی صورتِ حال پیدا ہوگئی۔ واقعے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، جبکہ زہریلی گیس کے اخراج اور مزید دھماکے کے خدشے کے پیش نظر 900 سے زائد افراد کو متاثرہ علاقے سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق دھماکے کا شکار ہونے والے ٹینک میں ساڑھے 5 ہزار گیلن تک کیمیکل رکھنے کی گنجائش ہے۔ دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، جبکہ حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق دھماکے کے مقام سے ایک میل کے دائرے میں رہنے والے 900 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ علاقے سے باہر تین میل کے دائرے میں موجود شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

زہریلی گیس کے ممکنہ اخراج اور مزید دھماکے کے خطرے کے باعث امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کے قریب جانے سے گریز کررہی ہیں۔ شدید دھند کے باعث بھی جائے وقوعہ کی نگرانی اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

امریکی محکمہ صحت کے مطابق متعلقہ کیمیکل سے آنکھوں، ناک، منہ اور جلد میں جلن ہوسکتی ہے۔ حکام صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ دھماکے کی وجوہات اور کیمیکل کے ممکنہ اثرات کا تعین کرنے کے لیے مزید معلومات کا انتظار ہے۔

مزید خبریں

Back to top button