معمولی تلخ کلامی پر 12 سالہ بیٹے کے ہاتھوں مبینہ طور پر 58 سالہ باپ قتل، ملزم فرار

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے)گھارو میں گھر کے اندر معمولی بات پر تلخ کلامی کے نتیجے میں مبینہ طور پر 12 سالہ بیٹے علی شیر خانیو نے اپنے 58 سالہ والد عزیز خانیو کو قینچی کے وار کرکے قتل کردیا، جس کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق گھر میں معمولی بات پر باپ اور بیٹے کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس کے دوران مبینہ طور پر بیٹے نے اپنے والد پر قینچی سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں عزیز خانیو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کے بعد دیہاتیوں نے مقتول کی لاش رورل ہیلتھ سینٹر گھارو منتقل کردی، جہاں لاش کا پوسٹ مارٹم جاری تھا۔
دوسری جانب مقتول کے بھائی قیوم خانیو نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بھائی عزیز خانیو کو مخالفین نے ان کے بیٹے کو استعمال کرکے قتل کروایا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات میں مبینہ مخالفین کو بھی شامل کیا جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آسکیں۔
واقعے کے مزید حقائق اور پولیس کی جانب سے کارروائی کی تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



