جنوبی افریقہ میں شارک کا خاتون پر جان لیوا حملہ، 65 سالہ تیراک ہلاک

جنوبی افریقہ (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے جنوب مشرقی ساحل پر تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں 65 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی، جس کے بعد حکام نے قریبی ساحل بند کرکے شہریوں کو پانی میں اترنے سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ منگل کے روز کوگومپو سٹی کے اورینٹ بیچ پر پیش آیا، جسے ماضی میں ایسٹ لندن کے نام سے جانا جاتا تھا۔ عینی شاہدین اور حکام نے شارک کے حملے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بجے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی۔ امدادی اہلکاروں کو جائے وقوع سے 65 سالہ خاتون کی لاش ملی، جس پر زخموں کے نشانات موجود تھے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والی خاتون باقاعدگی سے تیراکی کرتی تھی اور واقعے کے وقت تیراکوں کے ایک گروپ کے ساتھ پانی میں موجود تھی۔

واقعے کے بعد بلدیاتی حکام نے احتیاطی تدابیر کے تحت قریبی ساحل بند کردیا اور لوگوں کو سمندر میں اترنے سے منع کردیا۔

رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں شارک کے مہلک حملے نسبتاً کم ہوتے ہیں، تاہم جنوبی افریقہ کی طویل ساحلی پٹی پر ماضی میں بھی ایسے جان لیوا واقعات پیش آ چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button