حیدرآباد میں آوارہ کتوں کا خوفناک مسئلہ، 5 بچے جاں بحق، چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا نوٹس

حیدرآباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ ظفر احمد راجپوت نے حیدرآباد میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے ہونے والی اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس معاملے پر عدالت میں پہلے سے دائر درخواست کی ترجیحی بنیادوں پر سماعت اور فیصلے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر شاکر نواز شر کے مطابق انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کو شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے ہونے والی متعدد اموات کے سنگین مسئلے سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے معاملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ درخواست کی فوری سماعت اور مسئلے کے مؤثر حل کے لیے ہدایات جاری کرنے کا عندیہ دیا۔
شاکر نواز شر کے مطابق حیدرآباد میں گزشتہ چند ماہ کے دوران آوارہ کتوں کے کاٹنے سے پانچ بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ سندھ بھر میں ایسے واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی گزشتہ ہفتے جاری کردہ رپورٹ میں حیدرآباد میں سگ گزیدگی کے واقعات میں غیر معمولی اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ضلع میں صرف گزشتہ تین ماہ کے دوران کتوں کے کاٹنے کے 1,091 واقعات رپورٹ ہوئے۔
آوارہ کتوں کے حملوں اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے تناظر میں عدالت کی جانب سے درخواست کی ترجیحی سماعت کی ہدایت کو اس مسئلے کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔



