تھرپارکر پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں، 2360 سے زائد گٹکا پاؤچز اور وسکی کی 7 بوتلیں برآمد، 3 ملزمان گرفتار

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی\جانوڈاٹ پی کے) ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز کی ہدایات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مٹھی، چیلھار اور ڈیپلو میں مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس نے 2360 سے زائد گٹکا پاؤچز اور وسکی شراب کی 7 بوتلیں برآمد کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ماڈل پولیس اسٹیشن مٹھی کے انچارج سی آئی تھرپارکر نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے درمانی کالونی مٹھی کے رہائشی پردیپ ولد لچھمن میگھواڑ کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے سفینا گٹکا کے 1825 پاؤچز برآمد کیے۔ ملزم کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اسی طرح پولیس اسٹیشن چیلھار کے ایس ایچ او نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چھاچھرو کے علاقے لیاری بھیل کے رہائشی چیتن ولد پنھوں بھیل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے سفینا گٹکا کے 535 پاؤچز برآمد کیے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف بھی منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ دوسری جانب ڈیپلو میں سی آئی ای تھرپارکر نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے گاؤں کاٹھو کے رہائشی وینجھراج ولد جیٹھو ٹاکر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے وسکی شراب کی 7 بوتلیں برآمد کیں۔ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن ڈیپلو میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے کارروائیوں میں حصہ لینے والے انچارج سی آئی تھرپارکر، ایس ایچ اوز اور پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔



