مہوش حیات نے نوجوان فنکاروں کو اہم مشورہ دے دیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)اداکارہ مہوش حیات نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے فنی سفر اور ذاتی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کے حوالے سے گفتگو کی۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ انہیں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پوسٹس کرنے کا کبھی شوق نہیں رہا اور وہ اپنی نجی زندگی کو نجی ہی رکھنا پسند کرتی ہیں۔ ان کے مطابق نوجوان فنکار بھی اس طرزِ عمل سے سیکھ سکتے ہیں اور انہیں اپنی زندگی کے ہر پہلو کو مداحوں کے سامنے پیش کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایک فنکار کی شخصیت میں وقار اور تجسس کا عنصر برقرار رہنا چاہیے۔ انسٹاگرام پر اپنی زندگی کی ہر بات ضرورت سے زیادہ شیئر کرنے کے بجائے کچھ معاملات کو ذاتی رکھنا بہتر ہے۔
مہوش حیات نے دیگر فنکاروں کو مشورہ دیا کہ روزمرہ زندگی میں پیش آنے والی ہر بات سوشل میڈیا پر پوسٹ نہ کریں اور اپنی نجی زندگی کے کچھ پہلوؤں کو صرف اپنے تک محدود رکھیں۔



