مٹھی: ایم پی اے،سینیٹراورڈسٹرکٹ چیئرمین کاریسکیو1122ہیڈکوارٹرکادورہ،خدمات کو سراہا

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی میں ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری محمد قاسم سراج سومرو، سینیٹر پونجو مل اور ڈسٹرکٹ چیئرمین تھرپارکر و صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع تھرپارکر ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے ریسکیو 1122 ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر مٹھی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ریسکیو 1122 کے عملے کی جانب سے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انچارج ریسکیو 1122 تھرپارکر حبیب اللہ راھیمون نے مہمانوں کو ادارے کی کارکردگی اور ایمرجنسی خدمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران فائر فائٹنگ، اربن سرچ اینڈ ریسکیو، روڈ ٹریفک حادثات، کنویں میں گرنے والے افراد کو نکالنے اور ڈوبنے کے واقعات میں امدادی کارروائیوں کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ چند ماہ کے دوران منعقد کی جانے والی تربیتی سرگرمیوں، فرسٹ ریسپانڈر ٹریننگ اور بنیادی فائر سیفٹی ٹریننگ کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کی گئیں۔ ایم پی اے و پارلیمانی سیکریٹری محمد قاسم سراج سومرو، سینیٹر پونجو مل اور ڈاکٹر غلام حیدر سمیجو نے ریسکیو 1122 تھرپارکر کی خدمات، اسٹیشن کی مجموعی کارکردگی اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ضلع بھر میں شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کی کوششوں کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے ریسکیو 1122 کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ تھرپارکر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی خدمات شہریوں کو فوری امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔



