لاہور،گلاب دیوی ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر اور لواحقین میں جھگڑا،2خواتین گرفتار

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)نصیر آباد پولیس نے گلاب دیوی ہسپتال کے امیر الدین وارڈ میں لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین کے درمیان جھگڑے کے معاملے پر 2 خواتین کو حراست میں لے کر ان کے خلاف ضابطہ فوجداری کی دفعات 107/151 کے تحت انسدادی کارروائی کی اور انہیں عدالت میں پیش کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات گلاب دیوی ہسپتال کے امیر الدین وارڈ میں پیش آیا، جہاں لیڈی ڈاکٹر زہرہ نے علاج معالجے میں دشواری سے بچنے کے لیے خواتین کو وارڈ سے باہر جانے کا کہا تھا، جس کے بعد جھگڑا ہوگیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ ہسپتال میں نظم و ضبط اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے بروقت کارروائی کی۔ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

فیصل کامران نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کیا جائے تاکہ طبی عملہ بلا تعطل اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکے۔

مزید خبریں

Back to top button