سلطان ازلان شاہ کپ کیلئے قومی ہاکی اسکواڈ کے انتخاب کاپلان تیار

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سلطان ازلان شاہ ہاکی کپ کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں اور حتمی اسکواڈ کے انتخاب کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
سلطان ازلان شاہ ہاکی کپ 20 سے 28 نومبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلا جائے گا، جس کے لیے ملک بھر سے انڈر 18، جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق تمام مدعو کھلاڑی 30 اکتوبر کو اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں رپورٹ کریں گے، جہاں تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے تین پول تشکیل دیے جائیں گے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو مختلف پولز میں تقسیم کرکے ان کی تکنیکی صلاحیتوں اور کھیل کے معیار کا جائزہ لیا جائے گا۔ تربیتی کیمپ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرکے قومی ٹیم کا حتمی اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔پی ایچ ایف کے مطابق اس حکمت عملی کا بنیادی مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو سینئر سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنا اور قومی ہاکی ٹیم کے لیے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب یقینی بنانا ہے۔



