مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو20اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے،اہم معاہدوں پر دستخط متوقع

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو 20 سے 22 اکتوبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ان کے ہمراہ خاتون اول ساجدہ محمد اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔

دورے کے دوران صدر ڈاکٹر محمد معیزو صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے، جبکہ صدر مملکت کی جانب سے معزز مہمان کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مالدیپ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ صحت، تعلیم، زراعت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہوگی۔

پاکستان اور مالدیپ کے درمیان بحری سلامتی، موسمیاتی تبدیلی اور عوامی روابط سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے، جبکہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران پاکستان مالدیپ بزنس فورم کا انعقاد بھی ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button