پاک افغان سرحد پر شدید جھڑپیں، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں افغان طالبان کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات

کرم (جانو ڈاٹ پی کے)تائدہ سیکٹر، اپر کرم اور غوزگڑھی کے سرحدی علاقوں میں افغان طالبان کی مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جھڑپوں کے دوران سرحد پار سے فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا، جبکہ علاقے میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے مبینہ طور پر خارجی دہشت گردوں کو سرحد پار کرانے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی گئی، جس پر پاک فوج نے جوابی کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق اپر کرم سیکٹر میں پاک فوج نے آرٹلری فائر کے ذریعے افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ کو نشانہ بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم اس حوالے سے آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔سکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ جوابی کارروائی کے بعد طالبان اہلکاروں نے اپنی ایک سرحدی پوسٹ خالی کردی۔ غوزگڑھی کے سرحدی علاقے میں بھی کارروائی کے دوران متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں، تاہم ہلاکتوں کی حتمی تعداد تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔پاکستانی سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج ملکی سرحدوں کے دفاع، علاقائی سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے چوکس ہے۔

مزید خبریں

Back to top button