کینیڈین ہاکی ٹیم فروری 2027 میں پاکستان آئے گی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے کینیڈا کی قومی ہاکی ٹیم کے دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کردی ہے۔ دونوں ممالک کی ٹیموں کے درمیان سیریز فروری 2027 میں اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق کینیڈین قومی ہاکی ٹیم 8 سے 21 فروری 2027 تک پاکستان میں قیام کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
پی ایچ ایف کے صدر محی الدین وانی نے کینیڈین ٹیم کے دورے کو پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی ٹیم کے دورے کو کامیاب بنانے کے لیے مثالی انتظامات کیے جائیں گے۔
محی الدین وانی نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کینیڈین ٹیم کے دورۂ پاکستان کا خیرمقدم کرتی ہے۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کے مقابلوں کے انعقاد کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ملک میں بین الاقوامی مقابلوں کی بحالی اور غیر ملکی ٹیموں کی میزبانی کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ کینیڈین ٹیم کا مجوزہ دورہ پاکستانی شائقین کو بین الاقوامی سطح کی ہاکی دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔



