حماد اظہرکاپولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی استدعا،جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ

گھر کے مقابلے میں حوالات میں زیادہ اچھی نیند آتی ہے،حماد اظہر

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے)9مئی کے حملے کے مقدمے میں تفتیشی افسر نے عدالت سے حماد اظہر کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی استدعا کردی، جبکہ سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حماد اظہر حملے کی کمانڈ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ عدالت نے حماد اظہر کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ حماد اظہر کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا ہے۔ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ حماد اظہر اس حملے کی کمانڈ کرنے والوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکارڈ میں کہیں یہ ذکر نہیں کہ حماد اظہر موقع پر موجود نہیں تھے، ممکن ہے کہ وہ مدعی مقدمہ سے فاصلے پر ہوں، جس کی وجہ سے مدعی انہیں دیکھ نہ سکا ہو۔

عدالت میں اپنے بیان کے دوران حماد اظہر نے کہا کہ دہشت گردی کے قوانین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے اور ہر آنے والے آمر نے ان قوانین کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا وقار برقرار رہنا چاہیے اور بیانات بدل کر عدالت کی توہین کی جا رہی ہے۔ ادارے مضبوط ہونے چاہییں، شخصیات نہیں۔

حماد اظہر نے مؤقف اختیار کیا کہ پہلے کہا گیا کہ وہ موقع پر موجود نہیں تھے، اب دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان سے ڈنڈا اور پٹرول بم بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی شخص ساڑھے تین سال تک ڈنڈا اور بم سنبھال کر رکھتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ وہ 9 مئی کو بھکر میں موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جسمانی ریمانڈ کے دوران ان سے ایک دن بھی تفتیش نہیں کی گئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ تمام ریکارڈ منگوایا جائے تاکہ حقیقت سامنے آسکے۔ حماد اظہر نے اپنی پہلے ہونے والی فرانزک جانچ کی رپورٹ بھی طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کسی افسر کا یہ عذر قبول نہیں کیا جائے گا کہ اس نے اوپر سے آنے والے دباؤ پر کارروائی کی۔ انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن تمام افسران کو جواب دہ ہونا پڑے گا اور آج بے گناہوں پر ظلم کرکے اپنی نوکریاں بچائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں گھر کے مقابلے میں حوالات میں زیادہ اچھی نیند آتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button