سہ ملکی ون ڈے سیریز کے ٹکٹ فروخت کیلئے پیش،قیمتیں200سے22ہزار روپے تک مقرر

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جانے والی ایک روزہ سہ ملکی کرکٹ سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوگئی ہے، لاہور میں میچز دیکھنے کے لیے شائقین کو 200 سے 22 ہزار روپے تک خرچ کرنا ہوں گے۔سیریز کے ابتدائی مقابلے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 25 سے 31 اکتوبر تک فائنل سمیت چار میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔لاہور میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی قیمت 200 روپے سے 22 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے، تاہم پاکستان کے میچز کے لیے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 300 روپے ہوگی۔ سہ ملکی سیریز کے فائنل مقابلے کے لیے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 400 روپے رکھی گئی ہے۔شائقینِ کرکٹ نجی کوریئر کمپنی کے مراکز سے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔ ایک قومی شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان نے حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم آخری میچ میں سری لنکن ٹیم نے فتح اپنے نام کی۔



