آخری اوور میں افغان کھلاڑی کی ’مصنوعی انجری‘، کمنٹیٹرز بھی ہنسی نہ روک سکے

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے کرکٹر قیس احمد نے بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ میچ کے آخری اوورز میں ایسا انداز اپنایا کہ شائقین کو 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں گل بدین نائب کا مشہور واقعہ یاد آگیا۔ قیس احمد کے مبینہ طور پر وقت ضائع کرنے کے انداز نے کمنٹیٹرز کو بھی ہنسنے پر مجبور کر دیا۔

میچ پانچویں روز انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکا تھا اور کھیل ختم ہونے میں چند منٹ باقی تھے۔ بنگلادیش کو فتح کے لیے صرف دو وکٹیں درکار تھیں، جبکہ افغانستان شکست سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔

اسی دوران افغان بیٹر قیس احمد نے گیند کا دفاع کرنے کے بعد اچانک اپنی ہیمسٹرنگ پکڑ لی اور میدان میں بیٹھ گئے۔ اس واقعے کو سوشل میڈیا پر توجہ حاصل ہوئی اور شائقین نے ان کے انداز کو وقت ضائع کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے گل بدین نائب کے مشہور واقعے سے جوڑ دیا۔

کمنٹیٹرز نے بھی قیس احمد کے اس انداز پر دلچسپ تبصرے کیے اور اسے 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں گل بدین نائب کے واقعے کی یاد تازہ کرنے والا قرار دیا۔ تاہم قیس احمد کی انجری کی اصل نوعیت یا اس حوالے سے کسی باضابطہ فیصلے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ قیس احمد نے میچ میں شاندار مزاحمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 گیندوں پر 49 رنز بنائے۔ ان کی اننگز نے افغانستان کو یقینی دکھائی دینے والی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا اور میچ ڈرا پر ختم ہوا۔

مزید خبریں

Back to top button