نگار خان سے متعلق بیان من گھڑت قرار،نوشیروان برکی کی برطرفی کی خبر بھی غلط،ثمربلور

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ثمر ہارون بلور نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نگار جوہر خان سے منسوب صحت کارڈ کے خاتمے سے متعلق بیان کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
ثمر ہارون بلور نے کہا کہ صحت کارڈ کے معاملے پر بعض عناصر غلط معلومات پھیلا کر عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر نوشیروان برکی کی ٹرمینیشن سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے نوٹیفکیشن کو بھی جعلی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی جائے گی، خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت اور شفاف کارکردگی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوامی مفاد کے منصوبے جاری رکھے جائیں گے، تاہم جہاں بھی غفلت یا بے ضابطگی سامنے آئی، وہاں بلاامتیاز احتساب کیا جائے گا۔



