روسی وزیرداخلہ کی جی ایچ کیومیں عاصم منیر سے ملاقات،سکیورٹی تعاون بڑھانےپراتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) روسی فیڈریشن کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و روس کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے سکیورٹی اداروں کے درمیان قریبی ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقین نے سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو وسعت دینے اور مشترکہ مفادات کے امور پر مل کر کام کرنے سے متعلق بھی گفتگو کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص سکیورٹی کے شعبے میں عملی تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کی خواہش اور عزم کو اجاگر کیا۔ملاقات کے دوران روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات پاکستان اور روس کے درمیان سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے، متعلقہ اداروں کے روابط مضبوط بنانے اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر باہمی رابطہ کاری بہتر بنانے کی مشترکہ اہمیت کی عکاس ہے۔

مزید خبریں

Back to top button