سعودی عرب میں فضائی آپریشن متاثر، پاکستان کی 28 ریاض پروازیں منسوخ، سیکڑوں مسافر پریشان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثی حملوں کے باعث فضائی آپریشن محدود ہونے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان فضائی رابطے شدید متاثر ہوگئے، جبکہ اندرونِ ملک پروازوں کا شیڈول بھی درہم برہم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 114 پروازیں منسوخ یا غیر فعال رپورٹ ہوئیں، جبکہ 77 پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

ذرائع کے مطابق ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث آج پاکستان سے ریاض آنے اور جانے والی مزید 28 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق ریاض ایئرپورٹ 17 اکتوبر کی رات 12 بجے تک بند رہے گا، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان فضائی آپریشن متاثر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کے لیے روانہ کردیا۔ کراچی سے جدہ جانے والی دو پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں، جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک، ایک پرواز منسوخی کی زد میں آگئی۔

دوسری جانب لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ لاہور سے اسکردو جانے والی چار پروازیں بھی ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں، جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

فضائی آپریشن میں خلل کے اثرات اندرونِ ملک پروازوں پر بھی نمایاں رہے۔ کراچی سے لاہور جانے والی پانچ پروازوں میں تین سے آٹھ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی، جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی سات پروازیں ایک سے پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔ سعودی عرب جانے یا وہاں سے پاکستان آنے والے مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کی تازہ صورتحال کی تصدیق کرلیں۔

مزید خبریں

Back to top button