72سالہ جیکی چن کا باسکٹ بال کورٹ میں کمال، طویل فاصلے سے شاٹ نے سب کو حیران کر دیا

مکاؤ (جانو ڈاٹ پی کے) ہانگ کانگ کے معروف ایکشن اسٹار جیکی چن نے 72 سال کی عمر میں باسکٹ بال کورٹ پر ایسا شاندار شاٹ لگا دیا کہ تقریب میں موجود مداح اور منتظمین بھی حیران رہ گئے، کامیاب شاٹ پر اداکار نے دونوں بازو بلند کرکے خوشی کا اظہار کیا جبکہ حاضرین نے تالیوں اور نعروں سے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
جیکی چن نے 7 سے 11 اکتوبر تک وینیٹین کوٹائی ایکسپو میں منعقد ہونے والے این بی اے ہاؤس 2026 فین فیسٹیول میں شرکت کی۔ یہ تقریب این بی اے چائنا گیمز 2026 کے سلسلے میں منعقد کی گئی، جس میں باسکٹ بال کے ساتھ موسیقی، تفریح اور فیشن سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے دوران معروف باسکٹ بال شوٹنگ کوچ کرس میتھیوز نے جیکی چن کو گیند پھینکنے اور درست شاٹ لگانے کے حوالے سے چند مفید مشورے دیے۔ اس کے بعد اداکار کورٹ میں اترے اور اپنی صلاحیت آزماتے ہوئے طویل فاصلے سے شاٹ لگایا۔
جیکی چن کی کوشش اس وقت کامیاب ہوگئی جب گیند سیدھی باسکٹ میں جاگری۔ شاٹ کامیاب ہوتے ہی اداکار نے خوشی سے دونوں ہاتھ بلند کردیے، جبکہ وہاں موجود افراد نے تالیاں بجا کر انہیں داد دی۔ ان کی اس ویڈیو نے تقریب میں موجود مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
Jackie Chan understands it now!🏀 https://t.co/tkgMdCEAGI
— Lethal Shooter (@LethalShooter__) October 8, 2026



