لالیگامیچ میں تماشائیوں کاانوکھااحتجاج،میدان میں کاغذی جہازوں کی بارش،مقابلہ منسوخ

میڈرڈ (جانو ڈاٹ پی کے) اسپینش فٹبال لیگ لالیگا میں رایو ویلیکانو اور ایتھلیٹک بلباؤ کے درمیان مقابلہ تماشائیوں کے غیر معمولی احتجاج کے باعث منسوخ کردیا گیا، شائقین کی جانب سے میدان میں بڑی تعداد میں کاغذی جہاز اور دیگر اشیا پھینکنے سے کھیل بار بار روکنا پڑا۔ہفتے کے روز کھیلا جانے والا یہ میچ انٹرنیشنل بریک کے بعد رایو ویلیکانو کا اپنے ہوم گراؤنڈ پر پہلا مقابلہ تھا۔ میچ کے 13ویں منٹ میں، جب دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر تھیں، تماشائیوں نے میدان میں کاغذی جہاز پھینکنا شروع کردیے، جس سے کھیل متاثر ہوا اور ریفری کو مقابلہ روکنا پڑا۔

میدان میں بکھرے کاغذی جہاز ہٹانے اور کھیل کی سطح صاف کرنے کے لیے تقریباً 10 منٹ تک کارروائی معطل رہی۔ اس دوران اسٹیڈیم انتظامیہ نے اعلان کیا کہ اگر شائقین نے کھیل میں اسی طرح خلل ڈالا تو میچ مکمل طور پر ختم کیا جاسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ احتجاج رایو ویلیکانو کے مالک کے خلاف کیا گیا، تاہم احتجاج کی مخصوص وجوہات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد میدان میں مزید کاغذی جہاز پھینکے گئے، جس کے باعث 25ویں منٹ میں مقابلہ ایک بار پھر روکنا پڑا۔ صورت حال بگڑنے پر اسٹیڈیم خالی ہونا شروع ہوگیا۔بعد ازاں رایو ویلیکانو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے میچ منسوخ کیے جانے کی تصدیق کردی۔ اس طرح تماشائیوں کا احتجاج ایک اہم لالیگا مقابلے کے تعطل اور منسوخی کا سبب بن گیا۔

مزید خبریں

Back to top button