سکھر: قدیمی قبرستان کا راستہ مبینہ قبضے کی زد میں، علاقہ مکین سراپا تشویش

تفصیلات کے مطابق گاؤں لائق ماکا کے قدیمی قبرستان کے مین گیٹ تک جانے والے راستے پر مبینہ طور پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کے باعث قبرستان آنے جانے والے افراد کو مستقبل میں مشکلات پیش آنے کا خدشہ ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ قبرستان تک رسائی کے لیے استعمال ہونے والا راستہ انتہائی اہم ہے، اس لیے اس کی حدود کا واضح تعین اور تحفظ ضروری ہے۔ ان کے مطابق راستے پر کسی بھی قسم کی تجاوزات سے شہریوں کی آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے اور مستقبل میں تنازع بھی پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔
مقامی رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ذمہ داران معاملے کا فوری نوٹس لیں، موقع کا معائنہ کریں اور قبرستان کے مرکزی دروازے تک جانے والے راستے کی باقاعدہ حدبندی کرکے اسے محفوظ بنایا جائے۔
علاقہ مکینوں نے یوسی چیئرمین ڈاکٹر محمد عثمان ماکو اور وائس چیئرمین وحید شیخ سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ مبینہ قبضے کی کوشش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں اور راستے کو تجاوزات سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔



