ڈھاکہ چکن

روایت اور جدت کا مزیدار امتزاج

ایمل سفیان

قیامِ پاکستان کے بعد، خاص طور پر 1970ء کے دہاکے میں، مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) کے ہنر مند باورچیوں نے لاہور اور کراچی کے ریسٹورنٹس میں فرائیڈ چکن کا ایک نیا انداز متعارف کروایا۔ اس انداز کی خاص بات تلوں (Sesame Seeds) کا استعمال اور ہلکی مٹھاس کے ساتھ چٹپٹا ذائقہ تھا۔ اسی منفرد امتزاج کی نسبت سے اسے "ڈھاکہ چکن” کہا جانے لگا۔چکن پر سفید تلوں (Sesame Seeds) کی واضح اور موٹی تہہ ہوتی ہے۔

باہر سے انتہائی کرسپی اور اندر سے نرم و رسیلا چکن جس میں ہلکی مٹھاس اور چٹپٹے پن کا منفرد امتزاج اسے اشتہار انگیز بناتا ہے۔

ڈھاکہ چکن بنانے کی آسان ترکیب

اجزاء

چکن:

· 500 گرام بون لیس چکن بریسٹ، پتلی لمبی سٹرپس میں کاٹا ہوا

میرینیڈ اور مصالحے:

· 1.5 چائے کا چمچ نمک

· 1 کھانے کا چمچ لال مرچ فلیکس (کٹی ہوئی)

· 1 چائے کا چمچ گرم مسالہ

· 1 چائے کا چمچ دھنیا پاؤڈر

· 0.25 چائے کا چمچ ہلدی پاؤڈر

· 0.5 چائے کا چمچ زیرہ پاؤڈر

· 0.5 چائے کا چمچ اوریگانو

· 1 کھانے کا چمچ لہسن پیسٹ

· 1 کھانے کا چمچ لیموں کا رس یا سرکہ

کوٹنگ کے لیے:

· 1 انڈا

· 2 کھانے کے چمچ کارن فلور

· 4 کھانے کے چمچ بیسن (گرام فلور)

· 3 سے 4 کھانے کے چمچ سفید تل (سیسم سیڈز) — اضافی چھڑکنے کے لیے بھی رکھیں

فرائی کے لیے:

· کوکنگ آئل (ڈیپ یا شیلو فرائی کے لیے)

طریقہ

بون لیس چکن بریسٹ کو پتلی، لمبی سٹرپس میں کاٹیں (تقریباً آدھا انچ چوڑی)۔

ایک پیالے میں چکن رکھیں۔ اس میں نمک، لال مرچ فلیکس، گرم مسالہ، دھنیا پاؤڈر، ہلدی، زیرہ پاؤڈر، اوریگانو، لہسن پیسٹ اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

اب انڈا توڑ کر ڈالیں، پھر کارن فلور، بیسن اور سفید تل شامل کریں۔ اچھی طرح مکس کریں تاکہ چکن کے ہر ٹکڑے پر گاڑھی، چپچپی کوٹنگ بن جائے۔ اسے 15 سے 30 منٹ کے لیے ریسٹ دیں۔

درمیانی آنچ پر ایک کڑاہی یا فرائنگ پین میں تیل گرم کریں۔

چکن کی سٹرپس کو ایک ایک کر کے گرم تیل میں ڈالیں۔ درمیانی آنچ پر 8 سے 10 منٹ تک فرائی کریں یہاں تک کہ وہ سنہری بھوری اور باہر سے کرسپی ہو جائیں جبکہ اندر سے رسیلی رہیں۔

سلیٹڈ اسپون سے چکن نکالیں اور ٹشو پیپر پر رکھ کر اضافی تیل جذب کرنے دیں۔ اوپر سے اضافی سفید تل چھڑکیں اور گرم گرم کیچپ یا چلی گارلک ساس کے ساتھ پیش کریں۔

چند کارآمد ٹپس: میرینیشن 30 منٹ میں بھی ہو سکتی ہے لیکن 4 گھنٹے یا رات بھر میرینیٹ کرنے سے ذائقہ بہت بہتر ہو جاتا ہے؛ ایئر فرائر کے لیے 180°C پر پری ہیٹ کریں، ہلکا تیل برش کریں اور 12 منٹ ایئر فرائی کریں، درمیان میں ایک بار پلٹ دیں؛ فرائی کے بعد فوراً ڈھک کر نہ رکھیں ورنہ کرسپی پن ختم ہو جائے گا؛ اور ڈپنگ کے لیے چلی گارلک ساس، میونیز یا املی کی چٹنی بہترین لگتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button