فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کی اہم ملاقات،کشمیر،سندھ طاس اورافغان دہشتگردی پرتبادلہ خیال

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی سلامتی، مسئلہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر عملدرآمد روکنے کے معاملے اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی پر بھی بات چیت کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا۔
انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم اور علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔



