انسٹاگرام کا خفیہ نیا فیچر سامنے آگیا، ’ریڈ اونلی موڈ‘ کیاہے؟

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام میں ایک نئے ممکنہ فیچر ’ریڈ اونلی موڈ‘ پر اندرونی سطح پر کام کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے ذریعے صارف پلیٹ فارم پر موجود مواد دیکھ سکے گا، تاہم اس کی سرگرمیوں کا کوئی ریکارڈ ظاہر نہیں ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات افشا کرنے والے لیکر اور ریورس انجینئر الیساندرو پالوزی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انسٹاگرام کے ممکنہ نئے فیچر کی تفصیلات اور اس کے اسکرین شاٹس شیئر کیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ’ریڈ اونلی موڈ‘ فعال ہونے کے بعد صارف انسٹاگرام پر مختلف مواد براؤز کرسکے گا، تاہم اسے پوسٹس لائک یا کمنٹ کرنے، پیغامات بھیجنے اور کسی اکاؤنٹ کو فالو کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ صارف اس موڈ میں اسٹوریز بھی نہیں دیکھ سکے گا۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو انسٹاگرام پر موجود مواد دیکھنے کی سہولت فراہم کرنا ہے، تاہم اس دوران ان کی معمول کی سرگرمیوں کا کوئی نشان پلیٹ فارم پر ظاہر نہیں ہوگا۔
رپورٹس میں امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ ’ریڈ اونلی موڈ‘ ممکنہ طور پر انسٹاگرام پلس اکاؤنٹس کے لیے زیرِ غور ہوسکتا ہے، تاہم انسٹاگرام نے واضح کیا ہے کہ فی الحال یہ فیچر عام صارفین کے لیے آزمائشی مرحلے میں بھی نہیں ہے۔
انسٹاگرام کے ترجمان نے ایک ٹیکنالوجی ویب سائٹ کو بتایا کہ ’ریڈ اونلی موڈ‘ صرف اندرونی سطح پر کیا جانے والا ایک تجربہ ہے اور اسے بیرونی طور پر ٹیسٹ نہیں کیا جارہا۔



