نوواک جوکووچ کا شاندار کم بیک، چین اوپن ٹائٹل کے ساتھ 102ویں ٹرافی جیت لی

بیجنگ (جانو ڈاٹ پی کے)سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے چین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرتے ہوئے اپنے شاندار کیریئر کی 102ویں سنگلز ٹرافی جیت لی۔بیجنگ میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلوی کھلاڑی ایلکس ڈی میناؤر انجری کے باعث مقابلہ مکمل نہ کرسکے۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ ٹائی بریک پر 7-6 (7-3) سے اپنے نام کیا۔
دوسرے سیٹ کے آغاز میں ڈی میناؤر نے ایک گیم جیتی، تاہم بائیں ران کی تکلیف کے باعث انہوں نے میچ سے دستبرداری اختیار کرلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ کے اختتام پر میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا تھا۔
اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ نے مسلسل 21ویں سال کم از کم ایک سنگلز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز برقرار رکھا۔
جوکووچ سے زیادہ سنگلز ٹائٹلز صرف جمی کونرز (109) اور راجر فیڈرر (103) نے جیتے ہیں۔ چین اوپن میں یہ جوکووچ کی 34ویں مسلسل فتح اور ساتویں ٹرافی ہے۔
جوکووچ نے کہا کہ رواں سال جسمانی مسائل کے باعث ان کے لیے کافی مشکل رہا، تاہم بیجنگ میں کامیابی نے انہیں یہ یقین دلایا ہے کہ وہ اب بھی عالمی سطح پر بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔چین اوپن میں کامیابی کے بعد نوواک جوکووچ دوبارہ عالمی ٹاپ 10 میں شامل ہوجائیں گے۔



