لیونل میسی کا انٹرنیشنل فٹبال کو شاندار الوداع، آخری میچ میں گول اور2اسسٹس

بیونس آئرس (جانو ڈاٹ پی کے)ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کو شاندار فتح کے ساتھ یادگار بنا دیا، قومی ٹیم کے لیے 21 سالہ شاندار سفر کے بعد جذباتی انداز میں رخصت ہوگئے۔

بیونس آئرس کے مونومینٹل اسٹیڈیم میں 85 ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے کھیلے گئے میچ میں لیونل میسی نے پہلے نکولس اوتامندی اور پھر نیکو پاز کے گول میں معاونت کی، جبکہ 71ویں منٹ میں پنالٹی پر خود گول کرکے اسکور 0-3 کردیا۔

یہ ارجنٹینا کے لیے لیونل میسی کا 126واں انٹرنیشنل گول تھا۔ 39 سالہ اسٹار فٹبالر نے قومی ٹیم کے لیے 208 میچز کھیل کر سب سے زیادہ کیپس اور سب سے زیادہ گولز کا ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے انٹرنیشنل فٹبال کو الوداع کہا۔

میسی اپنے آخری انٹرنیشنل میچ سے قبل اور دوران کئی مرتبہ جذباتی نظر آئے۔ قومی ترانے کے موقع پر اسٹار فٹبالر کی آنکھوں میں آنسو آگئے، جس پر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین بھی جذباتی ہوگئے۔میسی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مونومینٹل اسٹیڈیم میں خصوصی پیغام کے ساتھ ان کی مشہور جرسی کا نمبر 10 بھی نمایاں کیا گیا۔ میچ کے 10ویں منٹ میں ان کے جرسی نمبر 10 کے اعزاز میں کھیل روک کر شائقین نے ایک منٹ تک تالیاں بجائیں۔میچ کے اختتام پر شاندار ڈرون شو کے ذریعے بھی لیونل میسی کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جبکہ شائقین نے اپنے محبوب اسٹار کو جذباتی انداز میں الوداع کہا۔واضح رہے کہ لیونل میسی انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد کلب فٹبال میں انٹر میامی کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button