لانگ مارچ پر بڑا عدالتی جھٹکا! پشاور ہائیکورٹ نے فوری ریلیف دینے سے انکار کردیا

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)پشاور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے فوری عبوری ریلیف دینے سے انکار کردیا، جبکہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
جسٹس صاحبزاہ اسد اللہ نے ریمارکس دیے کہ فریقین کو سنے بغیر ریلیف نہیں دیا جاسکتا۔ عدالت کے اس مؤقف کے بعد لانگ مارچ سے متعلق درخواست پر فوری حکم جاری نہ ہوسکا۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لانگ مارچ کو درخواست گزاروں کے حلقوں سے گزرنے دیا جائے، وہ قانون کے مطابق لانگ مارچ کو خوش آمدید کہیں گے۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ لانگ مارچ کے راستے میں ممکنہ رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کل کی گنجائش نہیں، لانگ مارچ جاری ہے اور صورتحال فوری نوعیت کی ہے۔
حکومت کا عدالت میں بڑا مؤقف
سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ درخواست قابل سماعت نہیں، کیونکہ لانگ مارچ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم پہلے ہی آچکا ہے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ آج اس معاملے پر دلائل دینے کیلئے تیار نہیں، کیس کو کل کیلئے مقرر کیا جائے۔
عدالت نے فریقین کے مؤقف کے بعد درخواست پر مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔



