اٹک جیل سپرنٹنڈنٹ مبینہ رشوت کے لفافے سمیت گرفتار

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے ویژن کے تحت محکمہ جیل خانہ جات میں اہم کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل اٹک عمران برتھ کو مبینہ طور پر رشوت کی رقم پر مشتمل لفافے سمیت گرفتار کرلیا گیا۔

محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک عمران برتھ 5 اکتوبر 2026 کو رات تقریباً 10 بجے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے لیے پہنچے، جہاں ڈسٹرکٹ جیل اٹک کے سیکیورٹی، سیفٹی اور دیگر انتظامی امور پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے بعد عمران برتھ وہاں سے روانہ ہوگئے، تاہم تقریباً 2 منٹ بعد دوبارہ واپس آئے اور آئی جی جیل خانہ جات سے اہم بات کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ آئی جی کے ڈرائنگ روم میں پہنچنے پر انہوں نے مبینہ طور پر نوٹوں سے بھرا لفافہ میز پر رکھ دیا۔

محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے مبینہ رشوت کی رقم قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے فوری طور پر سیکرٹری ہوم پنجاب کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کو کارروائی کے لیے اطلاع دی گئی۔

اینٹی کرپشن حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل اٹک عمران برتھ کو مبینہ رشوت کے لفافے سمیت گرفتار کرلیا۔

محکمہ جیل خانہ جات کے مطابق کارروائی کے حوالے سے مزید قانونی تفتیش اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے قانون کے مطابق جاری ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے واضح کیا ہے کہ محکمہ جیل خانہ جات میں کرپشن، رشوت ستانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی افسر یا اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد محکمہ جیل خانہ جات میں بدعنوانی کے خلاف بلاامتیاز احتساب کو یقینی بنانا ہے، جبکہ معاملے کے مزید قانونی پہلو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button