اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ، 2 لاکھ 14 ہزار سے زائد بلاسود قرضے جاری ہوئے، عظمیٰ بخاری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے مبینہ پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت گھر حاصل کرنے والے خاندانوں کی ویڈیوز جاری کردیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بہت جہالت دکھا لی گئی، اب حقیقت بھی جان لینی چاہیے۔ ان کے مطابق یہ وہ خاندان ہیں جن کے سامنے کسی سیاسی جماعت کی تختی نہیں بلکہ عام پاکستانی خاندان کا اپنا گھر کا خواب حقیقت بن کر موجود ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ گھر صرف تحریک انصاف کے دور میں تعمیر ہوئے تھے تو پھر ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت 2 لاکھ 14 ہزار 302 بلاسود قرضے کس نے جاری کیے؟ ان کا کہنا تھا کہ 278 ارب 46 کروڑ روپے سے زائد کے بلاسود قرضے فراہم کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار 753 گھر مکمل ہوچکے ہیں۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق مزید 60 ہزار 464 گھر اس وقت زیر تعمیر ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ منصوبے پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے گھروں کو اپنی سیاسی ملکیت ثابت کرنے کی کوشش سوشل میڈیا تک محدود رہ سکتی ہے، تاہم ان گھروں میں رہنے والے اصل مستحق خاندانوں کی گواہی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ تختیوں کی سیاست نہیں بلکہ عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا عملی منصوبہ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ جن کے پاس دکھانے کے لیے اپنی کارکردگی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کے بنائے ہوئے گھروں کے حوالے سے کہانیاں گھڑتے ہیں۔ ان کے بقول پروپیگنڈا جتنا بھی کیا جائے، گھر کی چابی جس خاندان کے ہاتھ میں ہو، اصل گواہی بھی اسی خاندان کی ہوتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button