پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، 15 اکتوبر تک اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب بھر میں آج سے 15 اکتوبر تک دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، جلسے، جلوس، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کے لیے لوگوں کو اکسانے یا ترغیب دینے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہوں پر نہیں ہوگا۔ عدالتیں، سرکاری ادارے اور باضابطہ اجازت کے تحت منعقد ہونے والی تقریبات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی اہلکاروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو فوری نوعیت کے ممکنہ خطرات سے متعلق اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انٹیلی جنس رپورٹس میں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے عوامی اجتماعات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق عوامی اجتماعات دہشت گرد حملوں کے لیے ممکنہ آسان ہدف بن سکتے ہیں، اسی تناظر میں عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔



