سردیوں میں گیس بحران کا خدشہ؟ وزیراعظم نے پیشگی اقدامات کا حکم دیدیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے پیشگی اقدامات کرنے اور جامع لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں گیس کی طلب و رسد، مقامی گیس کی دستیابی اور آر ایل این جی کی فراہمی سمیت مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گیس لوڈ مینجمنٹ حکمت عملی پر عمل درآمد کے حوالے سے بھرپور عوامی آگہی مہم چلائی جائے، جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح حاصل ہوگی، جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح دی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گھریلو سطح پر مقامی گیس کے متبادل ذرائع توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے عوامی آگہی مہم شروع کی جائے گی۔ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اجلاس میں واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کو فروغ دینے کی غرض سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button