لاہور میں غیر قانونی کال سینٹر پر چھاپہ، خاتون سمیت 39 افراد گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک خاتون سمیت 39 افراد کو گرفتار کرلیا۔

این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں جی سی پی سوسائٹی میں قائم کال سینٹر پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 39 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کال سینٹر کے ذریعے آن لائن قرض فراہم کرنے والی ایپس کے نام پر شہریوں سے مبینہ فراڈ اور بلیک میلنگ کی جاتی تھی۔ ذرائع کے مطابق قرض کی واپسی میں تاخیر کرنے والے افراد کو مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کردہ جعلی فحش تصاویر کے ذریعے بلیک میل کیا جاتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان شہریوں کی تصاویر مبینہ طور پر ایڈٹ کرکے انہیں اہل خانہ کو بھیجنے کی دھمکیاں دیتے تھے، جس کے ذریعے متاثرین پر دباؤ ڈالا جاتا تھا۔

کارروائی کے دوران کال سینٹر سے مختلف قرضہ ایپس سے متعلق مواد، 40 لیپ ٹاپ اور 41 موبائل فونز برآمد کرکے قبضے میں لے لیے گئے۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے ملنے والے ڈیجیٹل آلات کو فرانزک جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ کال سینٹر کے مالی معاملات اور بیرونی روابط سمیت دیگر پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کے مطابق کال سینٹر سے وابستہ دیگر روپوش ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button