معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ ترجیح ہے، محمد اورنگزیب

کراچی(جانوڈاٹ پیکے) وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی ترقی کے ساتھ برآمدات میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ مالیاتی نظم و ضبط اور معاشی استحکام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

نیشنل ایس ڈی جیز انویسٹمنٹ فیئر سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ میں حکومت کا کردار انتہائی اہم ہے، ملک کو ایسی معاشی نمو درکار ہے جو ذمہ دارانہ اور پائیدار ہو۔ عالمی معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی پالیسی کو آگے بڑھانا ہوگا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں کمی کے لیے معاشی پالیسی کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں، تاہم معاشی استحکام کو برقرار رکھنا بنیادی ضرورت ہے۔ سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے حکومت اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ مقامی سرمایہ کاروں کی سرگرمیوں میں اضافہ بیرونی سرمایہ کاری کے لیے بھی سازگار ماحول پیدا کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کاروباری گروپس مشترکہ طور پر کنسورشیم بنا کر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5 آئی پی اوز ہوئے، جبکہ گزشتہ مالی سال 11 آئی پی اوز کا انعقاد کیا گیا جو 20 سال کی بلند ترین سطح ہے۔

محمد اورنگزیب نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی نقصانات کے لیے قائم فنڈ سے پاکستان کو مطلوبہ مدد نہیں مل رہی، اس لیے عالمی موسمیاتی فنڈز سے مزید معاونت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں موسمیاتی خطرات کو سمجھنے اور ان کی مؤثر نگرانی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ موسمیاتی منصوبوں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اداروں کی استعداد کار بڑھانا ضروری ہے۔ منصوبہ بندی کے دوران صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ کیا اور کیوں کرنا ہے بلکہ اس بات پر بھی توجہ دینا ہوگی کہ منصوبہ کیسے اور کون مکمل کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button