ایران سے لین دین پر غیر ملکی بینکوں کو امریکی پابندیوں کی وارننگ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو خبردار کیا ہے کہ ایران یا اس کے بینکاری شعبے کے ساتھ کاروباری لین دین جاری رکھنے کی صورت میں انہیں امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری انتباہ میں کہا گیا ہے کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے ایرانی مالیاتی اداروں کے ساتھ لین دین کرنے والے غیر ملکی بینکوں کو بغیر پیشگی اطلاع کے کسی بھی وقت پابندیوں کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
واشنگٹن نے غیر ملکی مالیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران سے متعلق لین دین اور کاروباری تعلقات فوری طور پر ختم کریں۔
امریکی حکام کے مطابق ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا، جبکہ ایران کی جوابی کارروائیوں سے خلیجی ممالک بھی متاثر ہوئے۔ اہم تجارتی راستے میں رکاوٹ کے باعث عالمی توانائی اور کھاد کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
امریکا نے اگست کے آخر سے ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی کوششیں مزید تیز کرتے ہوئے اپنے اتحادیوں کو خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کاروباری لین دین جاری رکھنے والے اداروں کو ثانوی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔



