کسٹمز تحقیقات میں1ارب30کروڑ کی مبینہ انڈر ویلیوئنگ کابڑاانکشاف

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) کسٹمز تحقیقات میں ایک ارب 30 کروڑ روپے کی مبینہ انڈر ویلیوئنگ کی نشاندہی کے بعد ایف آئی اے سمیت منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنے والے اداروں پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی سفارش کردی گئی۔

کسٹمز حکام کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے دوران دو نجی کمپنیوں کو مبینہ طور پر جعلی اور کاغذی کمپنیاں قرار دیا گیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے خلاف فِسکل فراڈ، مس ڈیکلریشن اور آئی پی او خلاف ورزیوں کے شواہد بھی سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیوں نے مجموعی طور پر 2 ارب 32 کروڑ روپے کی درآمدات کیں، جبکہ دونوں کمپنیوں کے نام پر 71 ہزار 815 انٹرنیٹ راؤٹرز درآمد کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

کسٹمز حکام کے مطابق پی ٹی اے ٹائپ اپروول کے بغیر راؤٹرز درآمد کرنے پر کمپنیوں سے 10 گڈز ڈیکلریشنز ضبط کرلی گئیں۔ تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ کمپنیوں کے اصل مالکان کے بجائے مبینہ طور پر فرنٹ مین استعمال کیے گئے، جبکہ دونوں کمپنیوں کی وی بوک یوزر آئی ڈیز متعدد خفیہ آپریٹرز کے استعمال میں رہیں۔

کسٹمز تحقیقات کے مطابق دونوں کمپنیوں کے درمیان 108 مقامی خریداروں اور 12 غیر ملکی سپلائرز کا مشترکہ تعلق بھی سامنے آیا ہے۔

کسٹمز حکام نے دونوں کمپنیوں کے خلاف مزید کارروائی کی سفارش کرتے ہوئے وی بوک یوزر آئی ڈیز معطل یا منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس قوانین کے تحت کارروائی کی سفارش بھی کردی۔

رپورٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور منی لانڈرنگ کے پہلوؤں کی مکمل تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button