عمران خان کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہوگا، سلمان اکرم راجہ نے حکومت کو دوٹوک بتا دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بغیر پارٹی کوئی فیصلہ نہیں کرے گی، حکومت کے ساتھ مذاکرات دو اہم نکات پر آکر تعطل کا شکار ہوئے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی وکلا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حکومت کے وزرا مذاکرات کے حوالے سے غیر اہم باتیں کر رہے ہیں، مذاکرات کے دو دور ہوئے جو بغیر نتیجے کے ختم ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دو بڑے مطالبات تھے، پہلا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرانا اور دوسرا خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیاسی جماعتوں کے جرگے کی تجاویز کو سننا تھا۔ ان کے بقول حکومت ان مطالبات پر آگے بڑھنے کے لیے تیار نہیں تھی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مذاکرات کے پہلے روز مذاکراتی کمیٹی پشاور گئی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور کابینہ سے دہشت گردی کی صورتحال پر بریفنگ لی۔ ان کا کہنا تھا کہ امن جرگے کی دستاویزات میں مسلم لیگ ن، اے این پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے دستخط موجود ہیں، اس لیے جرگے کی تجاویز کو مسترد کرنا دانشمندی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران کئی نکات پر اتفاق ہوگیا تھا، حتیٰ کہ قیدیوں کی رہائی، خواتین اور معمر افراد کی رہائی اور ملاقاتوں کی بحالی پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی، جس سے مذاکرات کی کامیابی کی امید پیدا ہوئی۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے معالجین سے ملاقات اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے معاملے پر اتفاق نہ ہونے کے باعث مذاکرات ناکام ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں یہ بھی بات ہوئی تھی کہ معاہدہ ہونے کی صورت میں وکلا اور عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت دی جائے گی جبکہ آئندہ ملاقاتیں بھی بحال ہوں گی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لانگ مارچ کے سالار سہیل آفریدی ہیں اور پی ٹی آئی ان کا ساتھ دے گی۔ خیبرپختونخوا میں جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ باہمی مشاورت سے ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں مل کر ملک کو استحکام کی جانب لے جاسکتی ہیں۔

 

مزید خبریں

Back to top button