اسلام آباد پولیس میں بڑا ایکشن، 27 اہلکاروں سمیت ریٹائرڈ افسران فارغ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت کی پولیس میں نئے آئی جی نے کنٹریکٹ ملازمین اور ریٹائرڈ افسران کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے متعدد اہلکاروں کو عہدوں سے فارغ کردیا، فارغ کیے جانے والوں میں اعلیٰ سرکاری و سیاسی شخصیات کے رشتہ دار بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس میں تین ماہ کے کنٹریکٹ پر تعینات کیے گئے بعض ملازمین تین، تین سال سے خدمات انجام دے رہے تھے، جن کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
سیف سٹی کے ڈائریکٹر آئی ٹی عاطف عباس اور سافٹ ویئر انجینئر عباس مہدی کے کنٹریکٹ بھی فوری طور پر ختم کردیئے گئے۔ دونوں افسران کو جون 2025 میں کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا تھا۔
وفاقی پولیس میں تعینات ریٹائرڈ افسران سمیت مزید 27 اہلکاروں کو بھی فارغ کردیا گیا۔ فارغ ہونے والوں میں تین لاء افسران، ایک سول انجینئر اور چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق فارغ کیے گئے 12 ریٹائرڈ افسران میں چار ایس پیز، ڈی ایس پیز، انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز شامل ہیں۔ سابق آئی جی کی جانب سے بعض ریٹائرڈ افسران کو یونیفارم پہننے کی اجازت بھی دی گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اختیارات سے تجاوز پر آٹھ اسسٹنٹ کمشنرز کے نائب کورٹس کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نئے آئی جی کی جانب سے کنٹریکٹ اور ریٹائرڈ افسران کی تعیناتیوں کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے۔



